پشاور (نمائندہ خصوصی) قدرتی آفات اور ہنگامی حالات میں فوری اور مؤثر ردعمل کو یقینی بنانے کے لیے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) خیبرپختونخوا نے ریسکیو 1122 کو دو جدید “VTOL-UAV” ڈرونز بمعہ مکمل لوازمات باقاعدہ طور پر حوالے کر دیے۔
یہ ڈرونز ایک خصوصی تقریب کے دوران PDMA کے ڈائریکٹر جنرل کے دفتر کے احکامات کی روشنی میں ریسکیو 1122 کے سپرد کیے گئے، جس میں متعلقہ کمیٹی کے اراکین بھی شریک تھے۔
یہ ہائی پرفارمنس ڈرونز 100 کلوگرام تک وزن اٹھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور ریسکیو مشنز، اشیاء کی فوری ترسیل، فضائی نگرانی اور ایمرجنسی صورتحال میں بروقت اقدامات کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔
PDMA کے ترجمان کے مطابق، یہ اقدام قدرتی آفات جیسے زلزلے، سیلاب اور دیگر ہنگامی حالات میں امدادی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ ان ڈرونز کی مدد سے دور دراز اور دشوار گزار علاقوں میں امدادی سامان کی بروقت ترسیل، متاثرہ مقامات کی فضائی نگرانی اور خطرے کی پیشگی اطلاع ممکن ہو سکے گی۔
ریسکیو 1122 نے PDMA کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی سے نہ صرف ایمرجنسی ریسپانس کی رفتار میں اضافہ ہو گا بلکہ متاثرہ افراد کو فوری مدد پہنچانے میں بھی خاطر خواہ بہتری آئے گی۔