پشاور (دی خیبر ٹائمز کورٹس ڈیسک) پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداروں کی حلف برداری کی پُروقار تقریب آج پشاور ہائیکورٹ میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی تھے۔
تقریب میں پشاور ہائیکورٹ کے قائمقام چیف جسٹس سید محمد عتیق شاہ نے بار کے نومنتخب صدر اور دیگر عہدیداروں سے حلف لیا۔
اس موقع پر سپریم کورٹ کے جج جسٹس اشتیاق ابراہیم، ہائیکورٹ کے دیگر معزز ججز، سینئر وکلا اور معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا، جس کے دوران تمام شرکاء احتراماً کھڑے ہوگئے، اور ماحول نہایت باوقار اور رسمی رہا۔
پروقار تقریب میں عدلیہ کے وقار، وکلاء برادری کے کردار اور قانون کی بالادستی پر روشنی ڈالی گئی۔ چیف جسٹس آف پاکستان کی شرکت کو وکلاء برادری نے نہایت خوش آئند قرار دیا۔