پشاور ( دی خیبر ٹائمز مانیٹرنگ ڈیسک ) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے جعلی، غیر معیاری اور مضر صحت مشروبات کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے نوشہرہ کے علاقے پبی میں ایک فیکٹری کو سیل کر دیا، جہاں بڑی مقدار میں جعلی کولڈرنکس تیار کی جا رہی تھیں۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی ڈائریکٹر آپریشنز اختر نواز کی نگرانی میں نوشہرہ فوڈ سیفٹی ٹیم اور ضلعی انتظامیہ نے مشترکہ طور پر کی۔ چھاپے کے دوران فیکٹری سے 28000 لیٹرز جعلی کولڈرنکس میں استعمال ہونے والا سیرپ برآمد کیا گیا، جسے موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ 300 لیٹرز جعلی اور غیر معیاری تیار شدہ کولڈرنکس، جعلی برانڈز کی خالی بوتلوں سے بھری دو گاڑیاں اور فلنگ مشینری بھی قبضے میں لے لی گئی۔
فوڈ اتھارٹی کے مطابق فیکٹری کو سیل کر دیا گیا ہے جبکہ مالکان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
اسی روز ایک اور کامیاب کارروائی میں فوڈ سیفٹی ٹیم مردان نے تحت بھائی کے علاقے میں ایک گودام پر چھاپہ مارا جہاں 6000 لیٹرز جعلی اور مضر صحت کولڈرنکس برآمد کی گئیں۔ حکام نے مشروبات کو موقع پر ضبط کیا اور ذمہ دار افراد پر بھاری جرمانے عائد کیے۔
ڈی جی خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی واصف سعید نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جعلی مشروبات تیار یا فروخت کرنے والے افراد کی نشاندہی فوری طور پر فوڈ اتھارٹی کو کریں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔
وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے اس موقع پر واضح کیا کہ صحت سے کھیلنے والے کاروباروں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور عوام کے تحفظ میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔
یہ کارروائیاں عوامی صحت کے تحفظ کی جانب ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہیں، اور عوامی حلقوں میں فوڈ اتھارٹی کے اقدامات کو سراہا جا رہا ہے۔