خیبرپختونخوا کابینہ کا 34واں اجلاس، متعدد ترقیاتی، انتظامی و فلاحی منصوبوں کی منظوری

پشاور (دی خیبر ٹائمز – بیورو رپورٹ)


خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 34واں اجلاس منعقد ہوا جس میں متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں کابینہ کے اراکین، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹریز، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، انتظامی سیکرٹریز اور ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے شرکت کی۔

بی آر ٹی پشاور کے لیے 50 مزید ڈیزل-ہائیبرڈ بسوں کی منظوری

کابینہ نے بی آر ٹی پشاور کی استعداد کار میں اضافے کے لیے مزید 50 نئی ڈیزل-ہائیبرڈ بسوں کی خریداری کی منظوری دی۔ یاد رہے، بی آر ٹی سروس کے آغاز پر 220 بسیں حاصل کی گئی تھیں، جن میں بعدازاں 2022 میں 24 بسوں کا اضافہ ہوا تھا۔ شہریوں کے بڑھتے ہوئے اعتماد اور چھ نئے روٹس کی شمولیت کے باعث یہ اضافہ ناگزیر تھا۔

پاک قطر ایسٹ مینجمنٹ کمپنی سے معاہدہ اور دیگر منظوریات

کابینہ نے پاک قطر ایسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ساتھ معاہدے کی منظوری دی۔

چترال کے ارندو گول اور اپر کوہستان میں غیر قانونی طور پر کاٹی گئی لکڑی کے استعمال سے متعلق طریقہ کار کے نفاذ کے لیے کمیٹی تشکیل دی گئی۔

پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ رولز 2021 میں ترمیم کی منظوری دی گئی، جس کے تحت بڈنگ کی مدت 60 دن سے کم کر کے 30 دن کر دی گئی۔

صحت کے شعبے میں اہم فیصلے

پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں جدید طبی آلات کی خریداری کے لیے 346 ملین روپے کی گرانٹ کی منظوری۔

بالاکوٹ مانسہرہ میں کٹیگری “ڈی” ہسپتال کی تعمیر کے منصوبے پر آنے والی اضافی لاگت کی منظوری۔

بنیادی و دیہی مراکز صحت کی سہولیات کی فراہمی کے منصوبے کی نظرثانی شدہ لاگت کی منظوری۔

کینسر کی مریضہ پروین مختار کے علاج کے لیے 10 لاکھ روپے کی امداد کی منظوری۔

لوڈ شیڈنگ اور ٹرانسفارمرز کی بروقت مرمت کے لیے 1 ارب روپے

کابینہ نے گرمیوں میں لوڈشیڈنگ کے باعث عوام کو درپیش مشکلات کے پیش نظر خراب ٹرانسفارمرز کی بروقت مرمت کے لیے 1 ارب روپے سے زائد فنڈز کی منظوری دی۔
واضح رہے کہ ٹرانسفارمرز کی مرمت وفاق کی ذمہ داری ہے، اس لیے صوبائی حکومت نے اس سلسلے میں وفاق سے ادائیگی کے لیے رابطے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

عدلیہ اور سرکاری اداروں کے لیے گاڑیاں و بجٹ منظوری

ضلع خیبر اور مہمند کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کے لیے دو گاڑیوں کی خریداری کی منظوری دی گئی۔

WSSCs اور TMOs کے بجلی کے بلوں کے بقایاجات کی بک ایڈجسٹمنٹ کے لیے سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی گئی۔

خیبرپختونخوا ہائی ویز اتھارٹی کے مالی سال 2024-25 کے بجٹ کی منظوری بھی دی گئی۔

تعلیم، تحقیق اور ثقافت سے متعلق اہم اقدامات

اسلامیہ کالج یونیورسٹی میں ریسرچ سینٹر کے قیام کے لیے گرانٹ ان ایڈ کی مشروط منظوری۔

زمونگ کور پراجیکٹ کے تحت سوات، ایبٹ آباد اور ڈی آئی خان کے منصوبے کو پشاور کے موجودہ منصوبے میں ضم کرنے کی منظوری۔

کلچر، ٹورازم و آثار قدیمہ ڈیپارٹمنٹ کے رولز آف بزنس میں ضروری ترامیم کی منظوری۔

اداروں میں تعیناتیاں اور ترمیمات

روبینہ مہدی کو صوبائی محتسب کی خالی آسامی پر تعینات کرنے کی منظوری۔

خیبرپختونخوا این جی اوز رولز 2024 میں ضروری ترامیم کی منظوری۔

مکھنیال ایریا کو ہری پور ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں شامل کرنے کی منظوری اور کمیٹی کی تشکیل۔

ترقی، فلاح اور شفاف حکمرانی کا عزم

صوبائی کابینہ کے ان فیصلوں سے صحت، تعلیم، انصاف، ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں ترقیاتی پیش رفت ممکن ہو سکے گی۔ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھینگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں